20 ستمبر 2025 - 14:25
مآخذ: ابنا
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا غزہ میں نسل کشی پرچھلکا درد، کہا دنیا کو اسرائیل سے نہیں ڈرنا چاہیے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے غزہ میں جاری تشویشناک انسانی بحران کو نسل کشی قرار دینے والے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے چند دن بعد کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اس کے قبضے سے ڈرنا نہیں چاہیے

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے غزہ میں جاری تشویشناک انسانی بحران کو نسل کشی قرار دینے والے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے چند دن بعد کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اس کے قبضے سے ڈرنا نہیں چاہیے۔

گوٹیرس نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ موت اور تباہی کی بدترین سطح ہے، جس کا انہوں نے اپنے سیکرٹری جنرل کے دور میں اور شاید اپنی زندگی میں کوئی نظیر نہیں دیکھی۔ ان کے مطابق فلسطینی عوام بے انتہا تکلیف میں مبتلا ہیں، قحط کا سامنا ہے، طبی سہولیات مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں، اور لاکھوں لوگ پناہ گاہوں کے بغیر محدود اور محصور علاقوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا"اسرائیل نے غزہ شہر پر اپنی حملوں میں بے مثال طاقت استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے، جو انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔"

اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے قبل اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں گوٹیرس نے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کی جوابی کارروائی کے خطرے سے نہیں ڈرنا چاہیے، خاص طور پر جب فرانس کی سربراہی میں 10 ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ملک کے طور پر تسلیم کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے مغربی کنارے کے بڑے حصے کو اسرائیل میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔ تاہم، امریکہ نے اس مسئلے پر کھل کر کوئی تنقید نہیں کی بلکہ ان ممالک کی مخالفت کی ہے جو فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اجلاس میں 140 سے زائد سربراہانِ مملکت شرکت کریں گے، جہاں فلسطینیوں کے مستقبل اور غزہ کی جنگ کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوگی۔ گوٹیرس نے کہا کہ عالمی برادری کو گلوبل وارمنگ کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے، کیونکہ موجودہ کوششیں ناکافی اور ناکام ہونے کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha